|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2017

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کو دہشتگردی سے نمٹنے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا نے کے لئے عسکری اور سیاسی قیادت کے ویژن کے مطابق جدید تربیت دے کر ان کے استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے ۔

پولیس کے آفیسران اور جوانوں کی شہادت سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں ہونگے اور نہ ہی ہمارا مورال ڈاؤن ہوا ہے ہم دہشتگردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر ماریں گے کیونکہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے جس کونبھاتے ہوئے ہم اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے ۔

ایلیٹ فورس کا قیام بلوچستان پولیس کے یونٹ میں اضافے سے اس کی قوت مزید مضبوط ہو گی جس کیلئے حکومت وسائل فراہم کر رہی ہے ہم حکومت اور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو اے ٹی ایف ٹریننگ سکول میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 227 اہلکاروں کو ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کر تے ہوئے کیا ۔

اس موقع پروزیراعلیٰ بلوچستا ن نواب ثناء اللہ خان زہری، صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،عبدالرحیم زیارتوال، عبیداللہ بابت، اراکین صوبائی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ(ن)رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر میر عاصم کر دگیلو، انیتا عرفان ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے، جی او سی41 ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل عابد عزیز ، ایڈیشنل آئی جی و بی سی کمانڈنٹ ڈاکٹر مجیب الرحمان، ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ، کلکٹر کسٹم ڈاکٹر سعید خان جدون ، اے ٹی ایف سکول کے کمانڈنٹ کرنل اسد فاروق ، سیکرٹریز قمر مسعود ، نوراحمد پرکانی ، ڈی آئی جیز شکیل احمد درانی،حبیب امتیاز، ایس ایس پیز احمد شکیل صابر، سہیل احمد شیخ، ایاز بلوچ،وزیر خان ناصر، نذیراحمد کرد، اسد خان ناصر، ایس پی زمان خان ترین، خالد منظور،علی شیر جھکرانی، کرنل چلتن اسکاؤٹس اشتیاق احمد سمیت پاک فوج، فرنٹیئر کور ، پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، اے ٹی ایف کے آفیسران بھی موجود تھے ۔

آئی جی پولیس احسن محبوب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ایک سال قبل ایلیٹ فورس کا ویژن پیش کیا تھا جس پر عملدرآمد کر تے ہوئے حکومت کی جانب سے جو وسائل فراہم کئے گئے اس کی روشنی میں بلوچستان کانسٹیبلری سے میرٹ کی بنیاد پر ایک ہزار نوجوانوں کو ایلیٹ فورس میں شامل کرنے کیلئے اے ٹی ایف سکول سے جدید تربیت دلوائی ہے جس کا آج دوسرا بیج جو 227 جوانوں پر مشتمل ہے مذکورہ بیج نے 4 ماہ کے دوران یہ تربیت حاصل کی ہے ۔

اس سے قبل تقریبا225 جوانوں نے تربیت حاصل کی تھی انہیں ایس ایس جی کی طرز پر جدید تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ یہ جوان ایلیٹ فورس کا حصہ بن کر اے ٹی ایف کی طرح بلوچستان کے طول وعرض میں اپنے فرائض منصبی کو نبھاتے ہوئے دہشتگردی کا قلع قمع کر کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے بلوچستان پولیس اور خصوصاً ایلیٹ فورس کو تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں اور ایک ہزار ایلیٹ فورس کے نوجوانوں کو چار مراحل میں تربیت دے رہے ہیں ۔