|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2017

کراچی: حکومت اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹینکرز مالکان نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور ٹینکر مالکان کے درمیان بدھ کے روز مذاکرات کا دوسرا دور وزارت پیٹرولیم کے دفتر میں ہوا جس میں حکومت کی طرف سے سیکریٹری پیٹرولیم سلطان راجہ اور چیرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ ٹینکرز مالکان کی جانب سے ایسوسی ایشن کے چیرمین یوسف شاہوانی نے نمائندگی کی۔

حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیرمین یوسف شاہوانی نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔یوسف شاہوانی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران وزارت کا رویہ بہت اچھا رہا، ہمارے مطالبات مان لیے گئے ہیں جس پر سیکریٹری وزارت پیٹرولیم کے شکر گزار ہیں، مسئلے کا 15 روز میں حل نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی ترسیل رکنے پر عوام کی پریشانی کی ذمہ داری حکومت ہے لیکن اب پیٹرول کی ترسیل کچھ دیر میں شروع کردیں گے،جبکہ 24گھنٹوں میں تمام صورتحال معمول پر آجائے گی۔

اطلاعات کے مطابق مذاکرات کے دوران سیکریٹری پٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ٹینکرز ایسوسی ایشنز، اوگرا اور دیگر متعلقہ حکام شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی فریقین کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو قانون کے دائرے میں لانے پر ٹینکر مافیا نے ہڑتال کی۔ گزشتہ روز وزارت پیٹرولیم کے حکام اور ٹینکرز مالکان کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے جس کے بعدبدھ کی صبح بھی شہرمیں ہزاروں موٹرسائیکل سوارپیٹرول کی تلاش میں مصروف نظرآئے لیکن انہیں کہیں سے بھی پیٹرول نہیں ملا ۔

آئل ٹینکرزمافیاکی ہڑتال سے شہرکے 60فیصدسے زائد پمپس پرپیٹرول ختم ہوگیا۔پیٹرول ختم ہونے سے مالکان نے پمپ ہی بند کردیئے ،ایندھن کی سہولت نہ ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے جرنیٹڑکے استعمال سے محروم ہوگئے ۔

دوسری جانب موٹرسائیکل استعمال کرنے والے شہری ضروریات زندگی کوپوراکرنے کے لیے دوستوں سے پیٹرول مانگنے پرمجبورہوگئے ۔کراچی بھرکے پیٹرول پمپوں پرمنگل کوہی تیل کے حصول کے لیے شہریوں کارش لگارہا،کئی مقامات پرہاتھاپائی ہوئی ،شہری پیٹرول پمپوں پرتیل کی کم مقدارمیسرہونے کی وجہ سے مارمارے پھرتے رہے اورخوارہوکررہ گئے۔

کئی پمپوں پرشہریوں کارش رہا،سیکڑوں شہری اپنی سواری کوپیدل گھسیٹتے نظرآئے ۔۔آئل ٹینکرز کی ہڑتال سے کراچی کے 70 فیصد سے زائد پمپس پر ایندھن ختم ہوچکا ہے اور دفتر آنے جانے والوں کو انتہائی مشکلات پیش آرہی ہیں۔کراچی میں پیٹرول کی سپلائی پر جانے والے پی ایس او کے ٹینکر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ اور پتھراؤ کردیا جس کے نتیجے میں ٹینکر کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا ہے۔