|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2017

گوادر: ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے گوادر میں کھجور میلہ اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

اس شو میں فارمرز، ٹریڈرز اور، تجارتی اداروں، زمینداروں اور علاقے کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھجور شو میں مکران ڈویژن سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے اسٹال لگائے جن میں مفافتی، بیگم جنگی، آب دندان، دکی، کوزن آباد سمیت مختلف اقسام کے کھجور شامل تھے۔

بعدازاں کھجور کی اہمیت وافادیت پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے ضلع کونسل کے چیئرمین بابو گلاب، گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی، سابق سیکریٹری زراعت عبدالسلام بادینی سمیت دیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں کھجور شو کا انعقاد ایک خوش آئند عمل ہے۔

اس موقع پر گوادر اتھارٹی پورٹ کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی نے کہا کہ اس سال نومبر میں گوادر میں ایک انٹرنیشنل نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملکی وغیرملکی کمپنیاں اپنا اسٹال لگائیں گی۔ دیگر مقررین نے سیمینار سے کھجور کی اہمیت وافادیت اجاگر کرنے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

شرکاء کو کھجور کی درآمدات وبرآمدات سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مکران ڈویژن میں سالانہ ایک لاکھ چالیس ہزار میٹرک ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ مکران میں 114اقسام سے زائد کھجور پیدا ہوتی ہیں۔