|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2017

کوئٹہ: سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے کہاہے کہ صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے باوجود بد انتظامی اورسیاسی کج روی کی وجہ سے گھوسٹ سکولوں کی بہتات ہیں حکمرانوں نے زبانی جمع خرچ اوراخباری بیانات کے سواکچھ نہیں کیا۔

ضلع لہڑی میں انٹرکالج کاقیام ناگریز ہے ۔نواب ثناء اللہ خان زہری طالب علموں کے روشن مستقبل کیلئے کالج کے قیام اورفنڈز کی فراہمی میں دلچسپی لیں ۔جمعرات کواپنے جاری کردہ بیان میں نواب غوث بخش باروزئی نے کہاکہ منتخب نمائندوں کے اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی منصوبوں کافقدان ہے ۔

کیونکہ وہاں تعینات سرکاری آفیسران کی بھی انکے سامنے کوئی مجال اورہمت نہیں ہوتی جبکہ لہڑی کوضلع بنانے کے باوجود وہاں ضلعی انتظامیہ کے لوگ ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او کی تعینات میں بے جا رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع لہڑی میں وہ ترقی نہیں ہوئی جو ہونی چاہیئے تھی اس لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ،ضلع لہڑی کی تعلیمی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج کااعلان کریں جو علاقے کے عوام بلوچستان اورپاکستان کے لئے نہایت فائدہ مند ہوگا۔