|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چین سے ‘بہت مایوس’ ہیں کیونکہ وہ شمالی کوریا کے اسلحے کے پروگرام کو روکنے کے لیے زیادہ کوشش نہیں کر رہا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا کہ وہ چین کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ گوشہ گیر ملک کے متعلق کچھ نہ کرے۔

خیال رہے کہ ان کا یہ ٹویٹ پیانگ یانگ کی جانب سے ایک ماہ میں دوسری بار بین براعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کے ایک روز بعد آیا ہے۔

انھوں نے لکھا: میں چین سے بہت مایوس ہوں۔ ہمارے بے وقوف سابق رہنماؤں نے انھیں کروڑوں ڈالر تجارت میں کمانے کا موقع دیا لیکن وہ پھر بھی شمالی کوریا کے سلسلے میں ہمارے لیے کچھ نہیں کر رہا ہے، صرف باتیں بنا رہا ہے۔

انھوں نے مزید لکھا: ہم اس کی اب اجازت نہیں دیں گے۔ چین با آسانی اس مسئلے کو حل کر سکتا ہے!’


کم جونگ انسرکاری ٹی وی نے تجربے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کو خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا


خیال رہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جنپنگ نے رواں سال کے اوائل میں شمالی کوریا کے متعلق بات چیت کی تھی جس کے بعد امریکی حکام نے کہا تھا کہ دونوں ممالک پیانگ یانگ پر لگام لگانے کے لیے مختلف آپشنز پر کام کررہے ہیں۔ لیکن اس کے بعد سے شمالی کوریا نے دو بین براعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

سنیچر کو تجربے کے بعد جنوبی کوریا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے اس ٹکنالوجی میں قابل قدر جدت حاصل کر لی اور یہ کہ اس کے میزائل کا تجربہ وقت اور جگہ کے لحاظ سے منفرد تھا۔

جبکہ جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے نے کہا کہ ان کے ملک کو لاحق خطرہ سنگین اور اصلی ہے۔