کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ مسلم لیگ دانستہ طور پر آئندہ وزیر اعظم کے لئے کرپٹ افراد کو امیدوار نامزد کر کے عدلیہ کے ساتھ محاز آرائی کی جانب بڑھ رہی ہے شاہد خاقان عباسی پر دو سو ارب ڈالر کرپشن اور شہباز شریف پر ماڈل ٹاؤن قتل کسیز موجود ہیں ۔
آئندہ ڈیڑھ ماہ میں نواز شریف اپنی فیملی کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں ہونگے نا اہلی کی تلوار عمران خان پر چلے گی ملک غیر سنجیدہ سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا سی پیک سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں معاشی و اقتصادی ترقی کی راہیں کھلیں گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی رہنماء سکینہ عبداللہ کی جانب سے صوبائی قیادت اور پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع خواتین کی ایک بڑی تعداد نے چیئرمین بلاول بھٹو صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک اور محتر مہ سکینہ عبداللہ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
قبل ازیں محترمہ سکینہ عبداللہ خان نے بلوچستان میں خواتین کی سیاسی جدوجہد اور سیاسی عمل میں خواتین کی موثر شرکت پر روشنی ڈالی اور صوبے میں پیپلزپارٹی خواتین ونگ کو متحرک کرنے سے متعلق جامع تجاویز پیش کیں تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ قوم پرستوں نے بلوچستان کے عوام کو 67 سالہ مایوسی اور نفرتوں کے سوا کچھ نہیں دیا جو لوگ قوم پرستی کا دعویٰ کر کے سریاب اور کچلاک کو اپنا گڑھ کہتے تھے ۔
آج وہ دیکھ لیں کہ وہاں پیپلز پارٹی عوام کے دلوں پر راج کررہی ہے نوجوانوں خواتین سمیت تمام طبقات کے لوگ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی نا اہلی کی زد میں آئیں گے ضیاء الحق اور نواز شریف نے جو کھڈا کھودا تھا آج اس میں ان کے بیٹے نواز شریف خود ہی آگرے حاجی علی مدد جتک نے سکینہ عبداللہ کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اسمبلی فورم سمیت زندگی کے ہر شعبے میں بہبود نسواں کے لئے جو تاریخ ساز جدوجہد کی اس کی نظیر کسی اور جماعت میں نہیں ملتی ۔
انہوں نے کہا کہ ذولفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو تک ہر کارکن کی ذہنی سیاسی اخلاقی و، نظریاتی تربیت خواتین کے احترام پر محیط ہے اور سیلفی سیاست سے ہٹ کر کارکنوں کو لمحہ بہ لمحہ اخلاقی اقدار کی پاسداری کا سبق دیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا بلوچستان میں خواتین ونگ سیاسی جدوجہد میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے خواتین ونگ کی تشکیل کے لئے اہل خواتین کارکنوں کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی اور چیئرمین بلاول بھٹو کی منظوری سے جلد خواتین ونگ سمیت دیگر زیر التواء ونگز کا اعلان کر دیا جائے گا ۔
حاجی علی مدد جتک نے سکینہ عبداللہ اور ان کی تمام فیملی کی جانب سے پارٹی میں متحرک کردار ادا کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے محنتی اور نظریاتی کارکنوں کو ان جائز مقام دے کر ان کی جدوجہد سے استفادہ حاصل کرتی رہے گی ۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ صوبائی سیکریٹری اطلاعات و نشریات سردار سربلند خان جوگیزئی نے اپنے خطاب میں سکینہ عبداللہ خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قومی فیصلہ سازی سمیت ہر شعبہ زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرتے ہوئے قومی ترقی کے دھارے میں شامل رکھا اور یہ تاریخی شرف پیپلز پارٹی کو ہی حاصل ہے کہ سندھ کی پہلی خاتون گورنر راعنا لیاقت علی خان کی نامزدگی کا سہرا ہماری پارٹی کے سر جاتا ہے ۔
انہوں نیکہا کہ بلوچستان کی خواتین کو سیاسی دھارے میں شامل کر کے موثر جدوجہد کے لیے اہل اور بے لوث خدمات کی حامل خواتین کو پارٹی عہدوں کی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
اس موقع پر صوبائی نائب صدر جان علی چنگیزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ربانی خان خلجی سردار ذادہ عمران جتک میڈیا سیل انچارج حیات خان اچکزئی پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماء بابل جان بنگلزئی اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔