|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2017

مدینہ: ایک سال کے وقفے کے بعد ایرانی عازمین فریضہ حج ادا کرنے کے لیے حجاز مقدس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فریضہ حج ادا کرنے کے لیے ایرانی عازمین کا پہلا گروپ مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پہنچ گیا جہاں سعودی ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں سال 86 ہزار سے زائد ایرانی عازمین حج کریں گے اور 600 قافلوں میں حجاز مقدس پہنچیں گے۔

یادرہے کہ 2015 میں حج کے موقع پر منی میں بھگڈر مچنے سے کم ازکم 2426 حجاج جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں ایران کے 464 حجاج بھی شامل تھے۔

2016ء کے اوائل میں تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر مشتعل مظاہرین کے حملے کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد گزشتہ سال ہزاروں ایرانی فریقضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے۔