|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2017

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی سے بھاری اکثریت سے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم کا عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اور یقین ظاہر کیا ہے کہ وہ ملک و قوم کی ترقی اور محمد نوازشریف کے ترقیاتی وژن کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

اپنے ایک تہنتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آج ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب ملک میں سیاسی و جمہوری عمل اور سابق وزیراعظم اورقوم کے رہنما محمد نواز شریف کے ترقیاتی ایجنڈے کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے پارلیمنٹ نے نئے وزیراعظم کا انتخاب کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئین و قانون کے احترام اور ان کی عملداری پر نہ صرف مکمل یقین رکھتی ہے بلکہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ملک کو درپیش صورتحال میں پارٹی کی قیادت نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں ایک سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام اور پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کی ضامن بھی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ایک سچے پاکستانی اور نہایت تجربہ کار اور محنتی سیاستدان ہیں جنہوں نے مختلف عہدوں پر فائز رہ کر ملک و قوم کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جنہیں سیاسی و عوامی حلقوں میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ کی قیادت نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے ان کا انتخاب کیا اور ہماری حلیف جماعتوں نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ کے فیصلے کی تائید کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کے انتخابی عمل میں شامل تمام جماعتوں اور اراکین اسمبلی نے بہترین جمہوری اور سیاسی طرز عمل کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ تمام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ جس میں اختلاف رائے بھی کیا جاتا ہے اور ایک دوسرے کی سیاسی سوچ کا احترام بھی کیا جاتا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیاہے کہ ملک میں سیاسی و جمہوری عمل نہ صرف برقرار رہے گا بلکہ مزید مستحکم بھی ہوگا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں ہے،شاہد خاقان عباسی ملک کیلئے اچھے وزیراعظم ثابت ہوں گے جو میگا منصوبے نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں شروع کئے تھے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی اپنے فیصلوں میں آزاد وزیراعظم ہوں گے،نواز شریف پر کرپشن کے کوئی الزامات نہیں تھے، ڈھونڈنے نکلے تھے پانامہ اور لے آئے اقامہ۔وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ بلوچستان کبھی کوئی ڈکٹیشن نہیں لی، شاہد خاقان عباسی بھی اپنے فیصلوں میں ایک آزاد وزیراعظم ہوں گے،وزرائے اعظم کی تبدیلی سے سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں ہوگا۔

انگلینڈ کی جمہوریت سے پاکستان کی جمہوریت مضبوط ہے، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں ہے،پاک چین اقتصادی راہداری کے جو منصوبے چل رہے ہیں، وہ پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔