|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے نومنتخب وفاقی کابینہ کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے اپنی کابینہ کیلئے نہایت محنتی ،پُرخلوص اورباصلاحیت اراکین کا انتخاب کرکے ثابت کیاہے کہ وہ ملک وقوم کی ترقی کے ایجنڈے اورمحمدنوازشریف کے ترقیاتی وژن کوکامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہیں۔

اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن)سیاسی وجمہوری عمل کے تسلسل کو برقراررکھتے ہوئے معاشی اوراقتصادی استحکام کے اہداف کے حصول کویقینی بنارہی ہے اس حوالے سے اُسے اپنی حلیف جماعتوں کابھرپورتعاون بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے بیس کروڑعوام مسلم لیگ(ن) کی ملک اورعوام دوست پالیسیوں پربھرپوراعتماد کرتے ہیں اورانہیں یقین ہے کہ مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جوملک کو سیاسی ومعاشی بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نومنتخب کابینہ خلوص نیت کے ساتھ عوامی توقعات پرپورااُترنے کیلئے بھرپورلگن اورمحنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم سازشوں سے گھبرانے والے نہیں اورنہ ہی منفی ہتھکنڈے ہمارے عزم کو متززل کرسکتے ہیں ،مسلم لیگ (ن)اپنے قائد محمدنوازشریف کی قیادت میں متحد اورمضبوط ہے اورعوام نے ہم پر جس اعتماد کااظہارکیاہے اس پر ہم پہلے بھی پورااُترے ہیں اورآئندہ بھی پورااُتریں گے ۔

2018ء کے انتخابات میں ہم بھرپوراعتماد کے ساتھ عوام کے سامنے جائیں گے اورایک مرتبہ پھراُنکی حمایت حاصل کریں گے کیونکہ عوام ہی کارکردگی جانچنے کاحق رکھتے ہیں اوروہ ہی بہترین منصف ہیں۔