|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2017

کوئٹہ: کمشنر آفس کوئٹہ کا گریڈ سولہ کا ملازم بیس کروڑ روپے کی جائیداد اور قیمتی گاڑیوں کا مالک نکلا۔ نیب نے ملزم کو لاہور سے گرفتار کرکے کروڑوں روپے کا سونا اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کرلی۔

نیب ترجمان کے مطابق کمشنر آفس کوئٹہ کے ذیلی دفتر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ کے گریڈ سولہ کے سپرنٹنڈنٹ طلعت اسحاق پر بیس کروڑ روپے سے زائد کے ناجائز اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔ ملزم بحریہ ٹاؤن راولپنڈی، ڈی ایچ اے لاہور اور کوئٹہ میں کروڑوں روپے کے بنگلوں، پلاٹ اور مہنگی گاڑیوں کا مالک نکلا۔

ترجمان کے مطابق نیب کی انویسٹی گیشن ٹیم نے اثاثوں کا سراغ لگا کر ملزم طلعت اسحاق کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔

نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا خالص سونا، جیولری اور لاکھوں روپے کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

نیب نے ملزم طلعت اسحاق کے بینک اکاؤنٹ میں رکھے تین کروڑ پچاس لاکھ روپے کا سراغ لگا کر بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا۔نیب ملزم کا ریمانڈ لیکر تفتیش کا عمل آگے بڑھائے گی۔