|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2017

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید اور عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے درمیان ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی پریس کانفرنس کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کی جانب سے متفقہ طور پر نااہل قرار دیے جانے کے بعد عمران خان کی کردار کشی کی مہم شروع کی گئی ہے لیکن عمران خان کی ذات پر کیچڑ اچھالنے سے بھی مقاصد حاصل نہیں ہوئے۔ ریحام خان کی جانب سے قرآن ہاتھ میں اٹھا کر الزام تراشی کردار کشی کی نئی کوشش ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ریحام خان کسی بھی قسم کی الزام تراشی سے قبل چند سوالوں کے جواب دیں، وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کس کس سے ملاقاتیں کیا کرتی تھیں، دورہ سوات کے دوران ریحام خان کے زیر استعمال گاڑی کس کی تھی۔ کیا ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر آپ کے لئے ضیافتوں کا اہتمام نہیں کیا گیا، آپ کو کس سیاسی رہنما کے ذاتی معاون کی خدمات حاصل رہیں۔

دوسری جانب ریحام خان نے ٹوئٹر پر مراد سعید کو مخاطب کرتے ہوئے الزامات کے جواب میں کہا کہ اس نوجوان کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں اس کے ہر الزام اور سوالوں کا جواب ثبوتوں کے ساتھ دے سکتی ہوں۔ اسے سمجھنا چاہیئے کہ وہ مجھ پر کیچڑ اچھال کر اپنا سیاسی کیریئر داؤ پر نہ لگائے۔

ریحام خان نے مزید کہا کہ مراد سعید کو سوات کے عوام نے ووٹ دے کر قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا لیکن وہ ہفتے میں 5 دن مختلف ٹی وی چینلوں میں نظر آتے ہیں جب کہ ان کے حلقے کے عوام مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور میں ان سیاسی کارکنوں سے ملتی ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ریحام خان نے کہا تھاکہ وہ پٹھان ہیں کسی کی پیٹھ پر وار نہیں کریں گی، میرا پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی عائشہ گلالئی سے کوئی تعلق نہیں۔  میرا تعلق دو سال قبل اس انسان سے ختم ہو گیا جس سے اب جوڑا جا رہا ہے۔