کراچی: پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پربانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پراعزازی گارڈ کی تبدیلی کی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ، کموڈور عدنان احمد اس موقع پرمہمان خصوصی تھے جنہوں نے اعزازی گارڈ کا معائنہ کیا۔ مہمان خصوصی اور نیول اکیڈمی کے چا ق و چوبند کیڈٹس نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا۔بعد ازاں، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی نے پاک بحریہ کے سربراہ، آفیسرز، سی پی اوز/سیلرز اور سویلینز کی جانب سے مزارَ قائدپر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔مہمان خصوصی نے مزار پر دعا پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا۔
قبل ازیں پاک بحریہ کی جانب سے دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور اسٹیبلشمنٹس میں قائم مساجد میں بعد نماز فجر پاک بحریہ کی جانب سے ملکی استحکام، سلامتی اور ترقی کے لئے اور اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر تمام جہازوں اور اسٹیبلشمنٹس کو نیو ی کے روائتی انداز میں سبزحلالی پرچموں سے سجایا گیا اور ان پر چراغاں کیا گیا۔اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی یونٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔
پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس میں قومی ترانہ پڑھا گیا ۔ دن بھر کی دیگر مصروفیات میں فریئر ہال کراچی میں پاکستان نیوی بینڈ کا مظاہرہ، پاکستان میری ٹائم میوزیم میں پرچم کشائی کی پُروقار تقریب اور کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد شامل تھا۔پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی گئیں ۔
ان تقریبات میں مختلف ملی نغمو ں پر ٹیبلوز اور تقریری مقابلے شامل تھے جن میں طلبا ء و طالبات نے یوم آزادی کی اہمیت کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا۔ٌٌٌ