|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2017

اسلام آباد: چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے ان 70 سال کے دوران جدوجہد کرکے ملک کا تحفظ یقینی بنایا جب کہ آج پوری چینی قوم 20کروڑ پاکستانیوں کی خوشی میں برابر کی شریک ہے۔

پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر کنونشن سینٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پر بہت خوشی ہے، آج پورے پاکستان کیلیے جشن کا دن ہے، پاکستانی عوام نے 70 سال کے دوران جدوجہد کرکے ملک کا تحفظ یقینی بنایا، محنتی پاکستانی عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کیلیے محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور پوری چینی قوم 20کروڑ پاکستانیوں کی خوشی میں برابر کی شریک ہے، پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں، پاکستان نے محنت کر کے خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنایا۔

نائب وزیراعظم چین کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے، جدید دور میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے قریب تر آرہے ہیں جب کہ چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین میں زلزلہ زدگان کی مدد اور اقوام متحدہ میں پاکستان کا تعاون نہیں بھول سکتے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستان اور چین کی دوستی نسل در نسل چلتی رہے گی، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا اچھا ہمسایہ رہےگا۔