اسلام آباد: ائیرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ ہمارے دشمن چاہے دنیا کے جس خطے میں بھی ہو جان لیں کہ ہم اصولوں کی بنیاد پر کھڑے ہیں اسی لئے دیگر ممالک ہمارے قدم سے قدم ملا کرچلتے ہیں۔
اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایئرشو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے اہم اور قابل فخر ہے پاکستان ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا وہ ملک جس کے پاس 2 جہاز نہیں تھے آج جے ایف 17 تھنڈر میں خود کفیل ہے ہم نے مشکلات پرخوش اسلوبی سےقابو پایا۔
ائیرچیف مارشل نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے، 43 ممالک مل کر بھی افغانستان کے مسئلے کو حل نہیں کرسکے لیکن ہم پر اللہ کا کرم ہے پاکستان میں جب دہشت گردوں نے سراٹھایا تو ہماری پوری قوم متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہوگئی ہم ایک بہادر قوم ہیں جس پر ہمیں فخر ہے، اس جنگ میں ہزاروں افراد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جب کہ 6 ہزار سے زائد فوجی جوانوں نے قربانیاں پیش کیں جنہیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ نے تمام فورسز کے ساتھ مل کراہم کردار ادا کیا اور دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین ہرمشکل میں ایک دوسرے کےساتھ ہیں ہم قدم سے قدم ملا کرچلتے ہیں چین کو کوئی بھی مشکل پیش آئے پاکستان کی فورسز اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن چاہے وہ مشرق میں ہوں یا مغرب میں انہیں علم ہونا چاہئے کہ ہم اصولوں کی بنیاد پر کھڑے ہیں اسی لئے دیگر ممالک ہمارے قدم سے قدم ملا کر چلتے ہیں، آزادی کی اس تقریب میں سعودی عرب اور ترکی کے مہمان اس کی زندہ مثال ہیں جنہیں ہم اپنے ملک میں خوش آمدید کہتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایئرچیف مارشل سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی کے منزل طے کرنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ حصول علم ہے اور اس پر ہم بھرپور توجہ دے رہے ہیں 1947 میں اس ملک میں صرف ایک یونیورسٹی تھی آج فخر سے کہا جاسکتا ہے کہ 150 سے زائد جامعات میں نوجوان طالب علم تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں آج دنیا کے بہترین اور ذہین لوگوں کے ممالک میں پاکستان کا شمار چوتھے نمبر پر ہوتا ہے ہمارے نوجوان دنیا کے تمام ممالک میں ہرشعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔