کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ صوبائی حکومت امن وامان کے حوالے سے درپیش چینلجز کاکامیابی سے مقابلہ کررہی ہے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے دہشت گردی کے اکادکاواقعات ضروررونماہورہے ہیں تاہم یہ واقعات دہشت گردی کے خاتمے کے حکومتی عزم کا مزید مضبوط کرتے ہیں۔
بلوچستان ایک وسیع وعریض صوبہ ہے جس کی طویل سرحد ہے جس کے باعث ہمیں دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے وہ ملک کے مختلف صوبوں سے آئے ہوئے سینئرصحافیوں اورٹی وی اینکرزکے وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی،صوبائی وزرأ عبدالرحیم زیارتوال،سرداررضامحمدبڑیچ،چیف سیکرٹری بلوچستان اونگزیب حق،آئی جی پولیس احسن محبوب،حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات اورسیکرٹری خزانہ بھی اس موقع پر موجودتھے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم پہلے پاکستانی اورپھربلوچستانی ہیں جشن آزادی کے دوران بلوچستان میں پاکستانیت کابھرپورتاثرابھر کر سامنے آیا اورعوام نے بھرپورقومی جوش وجذبے سے یوم آزادی منایا
انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ادارے مضبوط ہوں ،ترقیاتی عمل کے ثمرات عوام تک پہنچیں وسائل کاصحیح استعمال ہو اورتعلیم اورصحت کے شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے ایسی تبدیلیاں لائی جائیں جو صوبے کی ترقی اورعوام کی فلاح کی بنیاد بنیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن وامان کی بہتری ،بدعنوانی کا خاتمہ اورگڈگورننس کا قیام شروع دن سے ہی ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کے باعث صوبے کی مجموعی ترقی کا عمل تیزرفتاری کے ساتھ جاری ہے کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹروں کی ترقی کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جن کے استعمال سے عوام مثبت تبدیلی کا مشاہدہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبے میں نئی یونیورسٹیوں اورمیڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایاگیاہے جبکہ پرائمری سطح سے اعلیٰ سطح تک کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اس کے ساتھ ساتھ گھوسٹ اساتذہ اورسکولوں کے خلاف بھرپورکاروائی بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے یوم آزادی کی تقریبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے صوبے میں قومی پرچم نہ لہرانے کے تاثر کو غلط ثابت کردیاہے ۔
سول اورعسکری قیادت میں صوبے میں تحصیل کی سطح پر جشن آزادی ملی جذبے سے منایاگیا،اس موقع پر وفد کی جانب سے بلوچستان میں رونماہونے والی مثبت تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہاگیا کہ انہوں نے کوئٹہ میں قیام کے دوران شہر کی بہتری اورتعمیروترقی کے منصوبوں اورامن ومان کی بہترصورتحال کا خودمشاہدہ کیاہے اورآج کے کوئٹہ اورکچھ عرصہ قبل کے کوئٹہ میں نمایاں فرق کومحسوس کیاہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ تمام ترچیلنجز اورمسائل کے باوجود پاکستان ایک ایسی پُرامیدمنظم ریاست ہے جہاں پارلیمنٹ خودمختار ہے سول سوسائٹی متحرک ہے اورعدلیہ اورمیڈیا آزاد ہیں۔ہم ایک پُرعزم قوم ہیں اگرہم برداشت ،اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کریں توتمام چیلنجزاورمشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ شب بلوچستان ایکسی لینس ایوارڈ 2017ء کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاصوبائی وزرأ ،سینیٹرز ،اراکین صوبائی اسمبلی ،کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض،جنرل آفیسرز،سول وعسکری حکام اورہزروں کی تعدادمیں شہریوں نے تقریب مین شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ تقریب ایک روشن خیال پُرامن اورترقی پسند بلوچستان کے اس خواب کی تعبیر ہے جس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ہمار ے آباؤاجداد نے ہمارے لئے ایک سمت کا تعین کیا ،وزیراعلیٰ نے کہا اس سمت کی پیروی میں ایک روشن بلوچستان ابھر کرسامنے آرہاہے اورجہالت کے اندھیرے،تعلیم اورکردارسازی کی بدولت دورہورہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ انفرادی مفادات پر اجعماعی ترقی میانہ روی اوربھائی چارے کی سوچ حاوی ہوچکی ہے اورعلم ودانش کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیاں ایک بدلتے ہوئے معاشرے کی نوید دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج کا بلوچستان ایک ایسے ترقی پسند معاشرے کی بنیاد بن رہاہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھااورجس کی تعبیر قائداعطم محمدعلی جناح نے ممکن بنائی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم ایک ایسی صبح دیکھ رہے ہیں جوہماری آنے والی نسلوں کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ ہماری تہذیب وثقافت کے فروغ کو یقینی بنائے گی انہوں نے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کویقین دلاتے ہیں کہ ان کی حکومت تعمیر وترقی کے اس سفر میں نہایت سنجیدہ ہے اورمنزل کے راستے میں اقتصادی معاشی اوردہشت گردی کی شکل میں آنے والے مشکلات میں رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان کے غیوراورجفاکش عوام کو ایوارڈ دے کر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاجارہاہے ہم اُن دانشوروں،فنکاروں اورکھلاڑیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے علم ودانش ہنراورصلاحیتوں کوقوم کے بہترین مفاد میں استعمال کرتے ہوئے ملک کیلئے نام کمایا۔
ان کی کاوشیں قابل تحسین اورنوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اہل بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ رنگ ونسل،فرقہ واریت اورقومی تضادات سے بالاترہوکر اپنی صلاحتیں تعلیم وترقی کے میدان میں استعمال کریں کیونکہ امن واستحکام کا یہ سفر ہماری بقاء کا ضامن ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں پاکستان کی سلامتی ،اتحاد،ترقی اورخوشحالی کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرناچاہیے کہ ہم باہمی اختلافات بھلا کر ایک متحد قوم کی طرح ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کریں گے تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرسکیں۔
تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے جبکہ تقریب کے دوران ثقافتی رقص قومی نغمے اورمختلف رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے جن میں قومی یکجہتی کا رنگ نمایاں تھا جبکہ آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی پیش کیاگیا،تقریب میں شامل عوام کا جوش وخروش اورپاکستان سے محبت قابل دید تھی۔