|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدرملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں وفاق کے زیادتیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا بلوچستان حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔

بلوچستان کے کوٹے پر وفاقی محکموں میں بھرتی ہونیوالوں کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیا جائے کیونکہ بلوچستان کے ساتھ ماضی میں جو زیادتیاں ہوئی ہے اب اس پر خاموش نہیں رہیں گے ۔

اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے باقی صوبوں میں ڈومیسائل پر بلوچستان کا ایک بھی شخص بھرتی نہیں ہوا لیکن بلوچستان کو لاوارث سمجھ کر پنجاب سمیت دیگر صوبوں سے لوگ جعلی ڈومیسائل بنا کر بھرتی ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے اصل حق داروں کو ملازمتیں نہیں ملتی ۔

اس کے خلاف صوبائی حکومت ایکشن لیں اگر نہیں لے سکتے تو ہم خود احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی کیونکہ بلوچستان کے ساحل ووسائل اور یہاں کے ملازمتوں پر صوبے کے عوام کا حق ہے بلوچستان خود غربت، پسماندگی اور جہالت کا شکار ہے ۔