|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2017

کراچی: ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس۔150 کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے کثیرالقومی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ 10ویں مرتبہ سنبھال لی جب کہ پاکستان نیوی کے ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کثیرالقومی ٹاسک فورس –

150 کے نئے کمانڈر تعینات کیے گئے ہیں، تبدیلی کمانڈ کی تقریب بحرین میں واقع ہیڈکوارٹرز یو ایس نیوسینٹ میں منعقد ہوئی۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس – 150 کی کمانڈ کا پاکستان کو دسویں مرتبہ سونپا جانا اتحادی فورسز کا پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اس موقع پر ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پا ک بحریہ کے عزم کے باعث پاک بحریہ اور اتحادی بحری افواج کے مابین تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔

واضح رہے کمبائنڈ ٹاسک فورس- 150 ایک کثیرالقومی اتحاد ہے جوسمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے آپریشنز سر انجام دیتی ہے۔