|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2017

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جمعرات کے روز یہاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے ہونے کی بناء پر سی پیک میں شامل منصوبوں کے حوالے سے ترجیحی اہمیت حاصل ہے جن میں روڈ، نیٹ ورک اور صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں بہتری لانے سے متعلق سکیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری لانے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے جس کے نتیجے میں صوبے میں جاری ترقیاتی عمل میں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ اور ان کی ترقی ہمارے دلوں کے قریب ہے اور بلوچستان کو ملک کی دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے چند روز میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ بلوچستان کا دورہ کریں گے وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر وزیراعظم کو ان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے صوبے کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔