|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2017

کوئٹہ: ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے کرپشن کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کے بھر پور ساتھ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لئے نیب، میڈیا اورسول سوسائٹی کو ایک صفحے پر آنا ہو گا، آئین پاکستان عام آدمی اور اعلیٰ عہدوں پر براجمان افراد کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ 

کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ عام آدمی کے حقوق صلب کر کے غاصب بن جائے، ہمیں بد عنوان عناصر کو بُرا کہنے کی جرات پیدا کر نا ہو گی، میڈیا کی طاقت سے کرپٹ عناصر کے کرتوت تشت از بام کرنے کا وقت آچکا ہے، میڈیا نے بُرے کو بُرا نہ کہا ، نہ لکھا اور نہ پیش کیا تو ہمیں ہماری آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی ۔

ہمیں بد عنوانی کے تدارک اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کا احساس ہی نہیں ڈی جی نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نیب کے زیر اہتمام ریڈیو میزبانوں کے ساتھ آگہی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیں ڈائر یکٹر نیب بلوچستان ہارون رشید ، ایڈیشنل ڈائر یکٹرز سید محمد آفاق اور فیصل قریشی نے ریڈیو ایف ایم اور ریڈیو اے ایم کے میزبانوں کو نیب کے کام کے طریقہ کار ، دائرہ کار اور قوانین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان نے کرپشن کے عفریت کے خاتمے کے لئے مجموعی روئیوں پر اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بد عنوانی کے تدارک اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کا احساس ہی نہیں،ہم اانہی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں ، صرف کاغذوں میں موجود سکولز اور کرپشن کے نا ختم ہونے والے عذاب کو کب تک جھیلتے رہیں گے۔

انھوں نے شرکاء کو کرپشن کے خلاف نیب کا معاون بننے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کرپٹ عناصر کے خلاف عوام الناس میں شعور اور نفرت پیدا کرے، انھوں نے کہا آج کا دور میڈیا کا دور ہے اور میڈیا وہ تلوار ہے جس کو استعمال کر کے بد عنوان عناصر کی بھر پور تیغ زنی کی جا سکتی ہے ، اگر آج ہم نے بُرے کو بُرا نہ کہا ، نہ لکھا اور نہ پیش کیا تو ہمیں ہماری آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

انھوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو پوری ایمان داری اور قومی جذبے سے بد عنوانی کی روک تھام کے لئے کام کر رہا ہے، اگر میڈیا سمجھتا ہے کہ ہم نیک نیتی سے یہ کام کر رہے ہیں تو ہمارا بھر پور ساتھ دیا جائے۔

انھوں نے میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کر کے کہا کہ ہم چنے ہوئے لوگ ہے ہم پر اللہ کی بڑی عنایات ہیں ، ان کے شکر کی بجا آوری یہ ہے کہ ہم معاشرتی برائیوں کے خلاف کمر کس لیں، اورمعاشرے کی اصلاح احوال کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔