|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2017

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف پر انتہائی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ گریٹر پنجاب بنانا چاہتے ہیں جو پاکستان کی نفی ہے۔

انہوں نے اپنے اس دعویٰ کو ثابت کر نے کیلئے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ سرحد پار کے لوگوں کا کیا تعلق ہے ،مودی اور دوسرے کیوں ان کے گھر آتے ہیں، حالانکہ بھارت کے ساتھ ہمارے کئی نسلوں سے تعلق ہے جو کہ شاہنواز بھٹو کے دورسے چلے آرہے ہیں، گاندھی خاندان سے ہمارے بھی تعلقات تھے مگر ہم نے کبھی ریاستی معاملات پر انہیں اپنے گھر نہیں بلایا ، ان کے انڈیا کے لوگوں سے رابطے خطرناک ہے۔

ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کو میرے سوا کوئی بھی نہیں نکال سکتا اور یہ کام کر دکھایا ، آصف زرداری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے بہت سے رہنماؤں نے ان کے ساتھ رابطے ہیں، ہم نے گزشتہ انتخابات میں ن لیگ کو پنجاب میں حکومت بنانے دی تھی اب نہیں ہوگا۔

عمران اور قادری کے دھرنے کے موقع پر نواز شریف ہتھیارڈال چکے تھے مگر ہم نے ان کو بچایا بلکہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو محفوظ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ تین چار پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کریں تو اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مستحکم ہوگا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر مشرف کو نہ ہٹاتے تو وہ دوبارہ مارشل لاء لگانے والے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نااہلی کے بعد اسلام آباد سے راولپنڈی آئے تو ان کے ساتھ کوئی بھی نہیں تھا صرف دس ہزار پولیس اہلکار تھے، انہوں نے مزید کہا کہ اب ن لیگ کو اپوزیشن میں بٹھانا پڑے گا، نواز شریف کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ ان کی نا اہلی سے جمہوریت کو خطرہ ہے مرکز اور پنجاب میں اب بھی ان کی پارٹی کی حکومت ہے ۔