|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2017

ژوب: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف اس وقت بھنورمیں پھنسے ہوئے ہیں ہمیں مل کر انہیں نکالناہوگا ،بلوچ اورپشتون کی روایت ہے کہ صاحب اقتدار سے کچھ نہیں مانگتے لیکن جب وہ مشکل میں ہوں تو ڈٹ کراُن کا ساتھ دیتے ہیں۔ہم میاں صاحب کے کارواں میں شامل ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس کا اہتمام وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی جمال شاہ کاکڑ نے کیاتھا،رکن صوبائی اسمبلی میرعاصم کردگیلو،صوبائی مشیران محمدخان لہڑی،سرداردُرمحمدخان ناصرنے بھی جلسہ سے خطاب کیا،جبکہ جمال شاہ کاکڑ نے سپاسنامہ پیش کیا،آئی جی پولیس احسن محبوب،کمشنرژوب ڈویژن ،قبائلی عمائدین اورعوام کی بہت بڑی تعدادجلسہ عام میں شریک تھی۔ 

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ قائد محمدنوازشریف اوراُن کا وژن ہے کہ بلوچستان خوشحال ہو ،محمدنواز شریف کا ہمیشہ سے بلوچستان کے ساتھ انتہائی فراخدلانہ رویہ رہاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے آباؤاجداد نے پرشین امپائراورانگریز سامراج سے بلوچستان کو بچا کر رکھا ،یہ اُنہی کے سروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم ریکوڈک ،گیس ،تیل دیگرمعدنیات اورطویل ساحل کے حامل اس خطے کے مالک ہیں ہمیں اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل کر بلوچستان کی خدمت کرناہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے بھی اپنے بیٹے،بھائی،بھتیجے کواس وطن کی خاطرقربان کیالیکن اُن کے قدموں میں لغزش نہیں آئی،آج سبکزئی ڈیم پر ہزاروں لوگ سبز ہلالی پرچم لہرارہے ہیں جو وطن کے غداروں کے منہ پرطماچہ ہے اوریہ طماچے انہیں ہم ہر گلی کوچے میں ماریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی ہمارے دلوں سے پاکستان اوربلوچستان کی محبت نہیں نکال سکتاچاہے اس کیلئے ہمیں کتنے ہی سکندر اورمہراُللہ قربان کیوں نہ کرنے پڑیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے اورپاکستان ہمارے لئے سب کچھ ہے۔بلوچستان اورپاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ہم اپنے تمام وسائل ایماندارانہ طریقے سے بروئے کارلائیں گے اوریہاں پرآبادپشتونوں،بلوچوں ہزارہ اورپنجابیوں کی خوشحالی کویقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کاکڑ خراسان کو ضلع کے درجہ دینے کے مطالبے کے حوالے سے کہاکہ ہم صوبے میں مزید اضلاع بنائیں گے جن میں کاکڑ خراسان بھی شامل ہوگا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سپاسنامہ میں پیش کئے گئے دیگر مسائل کے حل اورمطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ جلسہ کے مقام پر پہنچے تو اُن کا نہایت والہانہ استقبال کیاگیا۔جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعلیٰ اوردیگر مہمانوں کو روایتی پگڑیاں پہنائیں اوروزیراعلیٰ کو دوسوسال پرانی تلوار کا تحفہ پیش کیا۔