|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2017

کوئٹہ : سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کو عصر حاضر سے ہم آہنگ بنانے اور بہترین نتائج کے لئے اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے جبکہ اساتذہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ سرکاری اسکولوں کی بورڈ امتحانات کے نتائج کی شرح میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ کے اچانک دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ 

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مطیب خان، پی پی آئی یو پی ایم سی کے مانیٹرنگ آفیسر ظہور تارن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے اسکول کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکریٹری تعلیم نے بعداز پورے اسکول کا تفصیلی دورہ کیا جس میں طلباء سے سوالات بھی پوچھے۔ 

اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان محکمہ تعلیم کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات اٹھارہی ہے جس کے لئے موجودہ ترقیاتی پروگرام میں اس کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات پر بھی سالانہ کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے، اس کے علاوہ ایک بچے کی تعلیم پر بہت زیادہ اخراجات اٹھانے کے باوجود نتائج متاثر کن نہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے اور اس حوالے سے اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خدمات احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ 

سیکریٹری نے بتایا کہ وہ آنے والے دنوں میں صوبے کے تمام اضلاع میں اسکولوں کے اچانک دورے کریں گے، دوران ڈیوٹی غیرحاضر اساتذہ ودیگر عملے کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر سیکریٹری کو اسکول میں مخیرحضرات جن میں قابل ذکر داؤد شاپنگ سینٹر اور ہارون شاپنگ سینٹر کی انتظامیہ کی جانب سے اسکول میں تعمیراتی کام، تعلیمی اشیاء کی فراہمی، سائنس لیب ودیگر آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔

جسے سیکریٹری نے سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں تعلیم دوستی کا ثبوت ابھر کر سامنے آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنڈیمن ہائی اسکول کو ایک رول ماڈل اسکول کے طور پر عملی اور انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جبکہ اس اسکول میں ہائیر سیکنڈری کی تعلیم بھی شروع ہونے جارہی ہے جس کے لئے مناسب اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔