|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2017

ماسکو: روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالنے سے خطے کی مجموعی سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

چین کے بعد روس بھی امریکی صدر کی الزام تراشیوں کے خلاف پاکستان کی حمایت میں بول اٹھا، روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالنے سے خطے کی مجموعی سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے جب کہ خطے میں کسی بھی قسم کا عدم استحکام افغانستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

اس سے قبل امریکی صدر کے بیان پر چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کو بہترین دوست سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی، معاشی اور سکیورٹی کے حوالے سے گہرے روابط ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول محاذ پر ڈٹا ہوا ہے، جس میں اس نے بے شمار قربانیاں دیں اور اہم کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کیلیے امریکی پالیسی میں پاکستان سے متعلق پالیسی بیان کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، پاکستان سے نمٹنے کے لیے اپنی سوچ کو تبدیل کر رہے ہیں۔