|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2017

لاہور: پاکستان ریلویز نے مسافروں کے لئے عیدالاضحیٰ کی خوشی کے موقع پر کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

 ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ عید کے لئے آبائی علاقوں میں جانے والے پردیسیوں کے لئے خوشخبری کا اطلاق 2 سے 4 ستمبر تک تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز پر ہوگا۔

پاکستان ریلویز کے مطابق عیدالاضحیٰ پر تمام مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔تاہم کرایوں میں کمی ایڈوانس بکنگ پر ہوگی کرنٹ بکنگ پر کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ریلوے حکام نے کہا ہے کہ کراچی سے 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلیں گی۔ پہلی ٹرین 30 اگست دن 11 بجے کراچی کینٹ سے پشاور تک جائے گی تاہم ٹرین مکمل طور پر اکانومی کلاس پر مشتمل ہے جب کہ دوسری ٹرین 31 اگست دن 11 بجے لاہور کے لئے روانہ ہوگی اور اس ٹرین میں اکانومی کے علاوہ اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس بھی شامل ہوگی۔