|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2017

کراچی: گزشتہ چند روز کی گرمی کے بعد شہر قائد کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

 گزشتہ ایک ہفتے سے کراچی شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں ہے ، آج بھی سمندر کی جانب سے چلنے والی ہوائیں بند ہیں، دوپہر کے وقت درجہ حرارت 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا تاہم چند علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے بھارت کے راستے بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے والا ہے جو آج ہی اپنی جھلک دکھا سکتا ہے اور سہہ پہر اور شام کے اوقات میں شہر قائد میں موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بارش کا ایک نیا سلسلہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس سے پہلے غیرمعمولی تندوتیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے جب کہ  بدھ سے جمعے تک کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوں گی اور کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر ماہی گیروں کے لئے آج سے 2 ستمبر تک الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔