|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2017

 اسلام آباد: بھارت میں سابق ہائی کمشنرعبدالباسط نے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کو ملک کا بدترین سیکرٹری خارجہ قرار دے دیا۔

بھارت میں سابق ہائی کمشنرعبدالباسط نے امریکا میں پاکستان کے سفیراعزازچوہدری کو لکھا گیا خط منظرعام پر آگیا۔ 

خط میں سابق ہائی کمشنرعبدالباسط نے موقف اختیار کیا کہ اعزاز چوہدری پاکستان کے بدترین سیکرٹری خارجہ رہے، وہ امریکا میں پاکستان کے بدترین سفیر کی حیثیت سے اختتام کریں گے، سفارت کاری کے نازک پیشے کے وہ قابل نہیں، پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انہیں سفیر کے عہدے سے ہٹانے کی ضرورت ہے۔

سابق ہائی کمشنرعبدالباسط نے خط میں کہا کہ برطرف نہ کرنے کی صورت میں بھی آپ کو فروری 2018 کے بعد توسیع نہیں ملنی چاہیے، آپ جیسے لوگوں کی اہم عہدوں پر موجودگی میں اللہ تعالی ہی پاکستان کی حفاظت فرمائے جب کہ اوفا مشترکہ اعلامیہ اور انسانی حقوق کونسل میں شکست میرے موقف کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ عبدالباسط خان بھارت سمیت کئی ملکوں میں پاکستان کے متحرک سفارتکار کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں تاہم اعزاز چوہدری کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان سے جونیئر بیوروکریٹ تہمینہ جنجوعہ کو سیکریٹری خارجہ بنائے جانے پر انہوں نے احتجاجاً قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔