|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)ترجمان کے مطابق تخریب کاری سے متاثرہ 132KVٹرانسمیشن لائن کے ٹاورزکی مرمت کاکام سیکورٹی کلیرنس ملنے کے بعد آج (منگل) کی صبح شروع کردیاگیاہے اورتوقع ہے کہ مذکورہ ٹاورزکی مرمت کاکام جلد مکمل کرکے اس ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بحال کردی جائے گی ۔ 

واضح رہے کہ جمعہ کی رات نامعلوم تخریب کاروں نے سبی اورمچھ کے درمیان گوکرت کے علاقہ میں 132KVٹرانسمیشن لائن کے 2ٹاورزدھماکہ خیز موادسے اُڑادئیے تھے جس کے باعث اس ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔

مذکورہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی معطل ہونے کی وجہ سے کوئٹہ سمیت مستونگ، نوشکی، دالبندین، چمن، قلعہ عبداللہ اورپشین کے علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ تاہم ٹاوروں کی مرمت کاکام مکمل ہوتے ہی اضافی لوڈشیڈنگ فوری طورپرختم کردی جائے گی۔اس دوران اضافی لوڈشیڈنگ پرصارفین کوپیش آنے والی زحمت پر کیسکو پیشگی معذرت کرتی ہے ۔