|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2017

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے ضلع گورکھ پور میں دماغ کے بخار کی وبا نے خوفناک صورت حال اختیار کرلی ہے اور اس کے نتیجے میں 2 روز کے دوران صرف ایک سرکاری اسپتال میں 42 بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ضلع گورکھ پور کے بی آرڈی میڈیکل کالج اسپتال میں 27 اور28 اگست کے دوران 42 بچے انسیفلائٹس یعنی دماغی بخار کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ اب بھی 350 سے بچے زیر علاج ہیں، جن کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ضلع کے سب سے بڑے اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو بہت تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا اور باوجود طبی امداد فراہم کرنے کے ان کی زندگی بچانا مشکل ہو گیا تھا اور ڈاکٹر تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں بچا نہ پائے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جولائی، اگست اور ستمبر نوزائیدہ بچوں کی صحت کے حوالے سے بہت حساس ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں مہینے اسی اسپتال میں صرف 5 روز میں سو سے زائد بچے آکسیجن اور ادویات کی کمی کے باعث ہلاک ہوگئے تھے۔

ملک اور عالمی میڈیا میں اس واقعے کی خبریں شائع اور نشر ہونے پر بی جے پی ریاستی حکومت نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا اور اب تک کالج کے پرنسپل کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔