بلوچستان : بلوچ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے بلوچستان میں نام نہاد مردم شماری کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا بلوچستان کے حوالے سے مردم شماری کے نتائج طے شدہ ہیں۔ اس مردم شماری سے پہلے جن خدشات کا اظہار ہم نے کیا تھا، وہ حقیقت ثابت ہورہے ہیں۔
حکومت محکوم قوموں کی افرادی قوت کو کم ظاہر کرنے کے لئے مشینری کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت کی پالیسیاں بلوچوں کے حوالے سے جارحانہ تھیں، لیکن اس مردم شماری میں سندھ کی آبادی کو بھی حقیقت سے کم دکھا کریہ ثابت کررہی ہے کہ پاکستان ایک وفاق نہیں ریاست ہے، ریاست کی تمام فرائض کا دائرہ صرف سرمایہ دار طبقے کے مفادات اور چند توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ممالک کی مفادات کی تحفظ تک محدودہے۔
بلوچ نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے کہا کہ بلوچوں کے لئے مردم شماری کے نتائج غیر متوقع نہیں تھے، لیکن سندھیوں اور دیگر قومیتوں کو یہ نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہیے کہ اگر عام لوگ اپنے لئے خوشحالی اور اپنے قومی مستقبل کا تحفظ چاہتے ہیں تو انہیں مقتدرہ اور اس کے مقامی ایجنٹوں کے قبضے سے ہر صورت آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام ایک واضح موقف اور مشترکہ مقصد آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، اس لئے مردم شماری، عام انتخابات یا دوسرے ایسے ڈرامہ جو ریاست محکوم قوموں کو دھوکہ دینے کے لئے رچاتی ہے، بلوچستان میں ان کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جاتا ہے۔ مردم شماری کے دوران بلوچستان کے نصف سے زیادہ حصے پر مردم شماری عملے کے ارکان پہنچ نہ سکے، جہاں پہنچ سکے وہاں عوام نے ان کی مدد نہیں کی۔
بی این ایف نے بلوچستان میں مردم شماری کے نتائج مسترد کر دیئے
![]()
وقتِ اشاعت : September 1 – 2017