کراچی: پولیس نے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار پر حملے کے ملزم عبدالکریم سروش صدیقی کے 3 دوستوں کو گرفتار کرلیا۔
خواجہ اظہار حملے کے مفرور ملزم عبدالکریم کا جامعہ کراچی کا نیٹ ورک پکڑا گیا، ملزم کے تین دوستوں کو پولیس نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، تینوں نوجوان جامعہ کراچی کے طالب علم ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرار ملزم اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے حساس اداروں اور پولیس کی مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں اور چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس نے ملزم عبدالکریم کا لیپ ٹاپ بھی برآمد کرلیا ہے جسے آن کرنے کے لیے آئی ٹی ماہرین سے مدد لے لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالکریم سروش صدیقی کے پیچھے کوئی بڑا ماسٹر مائنڈ ہے، ملزم کا گروپ نو لڑکوں پر مشتمل تھا، ملزم کے دیگر دوستوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہے۔