|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2017

اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ہم 2013 میں حکومت میں آتے تو وفاق میں بھی خیبر پختونخوا والا حال ہوتا کیوں کہ یہاں پرویز خٹک کے علاوہ تمام افراد نئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں سب سے بہتر خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام ہے، صرف کراچی کا مئیر ہی نہیں بلکہ پنجاب کے بلدیاتی نمائندگان بھی کے پی کے کا بلدیاتی نظام چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام نیا ہے اور منفرد ہے اور اسی وجہ سے اس پر عمل درآمد پر مشکلات کا سامنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خداکا شکر اداکرتا ہوں کہ 2013 کے عام انتخابات میں مرکز میں حکومت نہیں بناسکے کیوں کہ اگر ایسا ہوتا تو ارکان پارلیمنٹ کی ناتجربہ کاری کے باعث مشکلات پیش آسکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم 2013 میں حکومت میں آتے تو وفاق میں بھی خیبر پختونخوا والا حال ہوتا کیوں کہ یہاں پرویز خٹک کے علاوہ تمام افراد نئے ہیں جب کہ ان لوگوں کو تو شروع کے ایک سال تک پتہ ہی نہیں تھا کہ ہوکیا رہا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے اور میری ٹیم نے کے پی کے میں حکومت سے بہت کچھ سیکھا اور جب مرکز میں حکومت ملی تو یہ تجربہ ہمارے کام آئے گا تاہم نئے لوگوں کے باوجود خیبر پختونخوا میں زبردست کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں بلدیاتی نظام، تعلیم کے میدان میں سرمایہ کاری اور صحت میں اصلاحات پر کامیابیاں ملیں جن پر فخر ہے۔