|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2017

 راولپنڈی: جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔

یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، امیر البحر ایڈمرل ذکا اللہ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر دفاع خرم دستگیر، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، مریم اورنگزیب، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، چینی سفیر سن وائی ڈونگ سمیت مختلف ممالک کے سفرا اور دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

تقریب میں دفاع وطن کے حوالے سے پاک فوج کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو سراہا اور وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں ملی نغموں اور قومی ترانوں کے ذریعے پاک وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کرنے والے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت کی بھی مذمت کی گئی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی گئی۔

تقریب کے دوران پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور فوج کے خصوصی بینڈ نے مختلف ملی نغموں کی دھنیں بھی بجائیں۔ بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے جبکہ فوجی دستوں نے شہداء کو سلامی بھی پیش کی۔