کراچی: ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ دنیا کوہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا اورہم پاکستان کی سالمیت، ترقی اور تحفظ کوہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
یومِ فضائیہ کے موقع پرپاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شہیدوں اورغازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی بیش بہا قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستانی عوام اورافواج کی بیش بہا قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاک فضائیہ اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمبٹنے کے لئے ہردم تیارہے، ہم پاکستان کی سالمیت، ترقی اور تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ دنیا کو ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا، بیرونی طاقتیں اپنی ناکامیوں کا ذمہ دارہمیں نہ ٹھہرائیں، پاک فضائیہ فضائی سرحدوں کی حفاظت، ملک کی خود مختاری ہرحال میں یقینی بنائے گی اوردہشت گردوں کو کسی صورت دوبارہ یکجا نہیں ہونے دیں گے۔