|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2017

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں ازبکستان سے آئی ہوئی ایک خاتون کو دو افراد نے چلتی گاڑی میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ پیر کی رات پیش آیا جس کی اطلاع مقامی پولیس کو رات 11 بجے موصول ہوئی۔ خاتون کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ اس معاملے میں پوچھ گچھ کےلیے چند افراد کو حراست میں بھی لیا جاچکا ہے۔

خبروں سے پتا چلتا ہے کہ یہ ازبک خاتون (جس کا نام نہیں بتایا گیا) پیر کی رات ساڑھے نو بجے دہلی کے علاقے ساکت میں ایک شاپنگ مال جانے کےلیے رکشے میں سوار تھی مگر وسنت کنج کے مقام پر یہ رکشہ خراب ہوگیا۔ خاتون کسی دوسرے رکشہ یا ٹیکسی کے انتظار میں فٹ پاتھ پر کھڑی ہوگئی لیکن دس منٹ بعد ایک سفید کار اس کے سامنے آکر رکی جس میں تین مرد سوار تھے۔

انہوں نے ازبک خاتون کو زبردستی کار میں گھسیٹ لیا اور کار چلا دی جبکہ ڈرائیور کے دو ساتھیوں نے چلتی کار ہی میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور اسے تقریباً رات گیارہ بجے کھڑکی ایکسٹینشن کے مقام پر پھینک کر چلے گئے۔ ازبک خاتون نے مدد کےلیے بھی وہیں سے پولیس کو فون کیا تھا۔ اس واقعے کے اصل مجرمان اب تک گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں جبکہ دہلی پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

واضح رہے کہ نئی دہلی کو خواتین کے حوالے سے دنیا کے انتہائی مشکل شہروں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے جہاں ہر روز کئی خواتین اپنی عصمتوں سے محروم کردی جاتی ہیں اور بھارتی دارالحکومت میں سر عام گھومنے والے بھیڑیے غیر ملکی خواتین تک کو نہیں بخشتے۔