|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہاہے کہ چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کے متعلق رولنگ بلوچستان کے عوام کی دلوں کی آواز ہے ۔

تخت لاہور کے حکمران وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر دوسرے صوبے کے لوگوں کو جعلی ڈومیسائل پر تعینات کررہے ہیں جبکہ بلوچستان کے ذہین اور غیر ملکی و ملکی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے در بدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔

ہفتے کو اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری ، چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی رولنگ کے بعد کوئٹہ سے جاری ہونے والے جعلی ڈومیسائل کا سلسلہ بند کرنے اور سابقہ جاری ہونے والے جعلی ڈومیسائل کی جانچ پڑتال اور اس عوام دشمن عمل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا جلد نوٹیفکیشن جاری کرے ۔

جو مخصوص ٹائم فریم میں اس مکروہ دھندے میں ملوث آفیسران و ملازمین کی تہہ تک پہنچنے کا کھوج لگائے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں صوبے کو آغاز حقوق بلوچستان کے تاریخی پیکج دیا اور مرکز میں خالی آسامیوں پر بلوچستان کے کوٹے پر عمل درآمد کرواکے ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دلوایا مگر تخت لاہور کے حکمرانوں نے صرف پنجاب کو نوازتے ہوئے چھوٹے صوبے کے عوام کو نفرتوں اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل پر بھرتیاں محکوم اقوام اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق کے ڈاکہ ہے حکومت اور بیورکریسی چیئرمین سینٹ کے رولنگ پر جلدسے جلد جعلی ڈومیسائل پر تعینات افراد کے خلاف کارروائی کریں ۔