|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2017

پشاور: دلہ زاک روڈ پر قائم فلور ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

 پشاور میں دلہ زاک روڈ فلورملز میں پاک فوج، حساس اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ 

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر رات گئے فلورملز پر چھاپہ مار کارروائی کی تاہم فلور ملز میں موجود دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ فلور ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا  اور یہ گروہ 2009 سے لے کر اب تک اسی مل سے دہشت گردی کی منظم کارروائیاں کررہا تھا جب کہ فلورمل کا کنٹرول افغانستان سے ہورہا تھا۔

حکام نے بتایا ہے کہ فلورملز سے باقاعدہ طور پر پریس ریلیز، آڈیو اور ویڈیو پیغامات کے علاوہ دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری کے حوالے سے خبریں بھی جاری کی جاتی رہی ہیں جب کہ خیبرپختون خوا سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق منصوبہ بندی بھی اسی جگہ سے کی جاتی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز اور دہشت گردوں  کے مابین ہونے والے مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت کالعدم داعش خیبرپختون خوا کے کمانڈر سے ہوئی ہے جب کہ آپریشن میں 7 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مقابلے کے بعد ملز کے احاطے سے ملنے والی گولیوں کے خول کی فرانزک رپورٹ بھی آگئی ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ مقابلے کے دوران استعمال ہونے والا اسلحہ پشاور میں فورسز کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال ہوا ہے اور اسلحے سے 14 سے زائد وارداتیں کی گئی ہیں۔