|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2017

 اسلام آباد: سعودی سفارتخانے نے رواں برس پاکستانی حجاج کو سہولیات کی عدم فراہمی اور ناقص انتطامات سے متعلق وزیر مذہبی امور کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

 سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی جانب سے پاکستانی حجاج کو درپیش مسائل اور سہولیات فراہم نہ کرنے کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں اور پاکستانی حجاج کو سعودی کمپنیوں کی طرف سے سہولیات سے محروم رکھنے کا الزام بھی حقائق کے منافی ہے۔

سعودی سفارتخانے نے ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان  میں  کہا کہ پاکستان نے اپنی مرضی سے سعودی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں۔ سہولیات کے عدم فراہمی سمیت تمام معاملات پاکستانی وزارت اور کمپنیوں کے درمیان معاہدے کے مطابق ہیں، اس سے سعودی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی حکام کی ذمہ داری ہے کہ اپنے حجام کے قیام و طعام اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدے کی تصدیق کے بغیر حج وعمرہ کا کوئی ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حج 2017 میں پاکستانی حجاج کو درپیش مسائل اور ناقص انتظامات کا ذمہ دار سعودی کمپنیوں کا ٹھہرایا تھا۔