|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2017

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف بھارت کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں جمع کرایا گیا میموریل پاکستان کو موصول ہوگیا ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادو کی سزا کے خلاف بھارت کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں  13 ستمبر کو میموریل جمع کرایا گیا تھا جو آج پاکستان کو موصول ہوگیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قانونی ٹیم بھارتی میموریل کاجائزہ لے رہی ہے اب عالمی عدالت انصاف میں پاکستان اپنا جواب رواں برس دسمبر میں جمع کرائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور تخریب کاری کی ان کارروائیوں میں ہزاروں معصوم  شہری شہید ہوئے۔