اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب کہ بعض بیرونی سازشی عناصر پاکستان کے معاشی استحکام سے گھبرا رہے ہیں۔
وزیرداخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی جوائنت ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جغرافیائی اور اقتصادی حقیقت ہے جس سے پورے خطے میں تبدیلی آئے گی اور منصوبے سے حاصل ہونے والے ثمرات سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بعض بیرونی سازشی عناصر پاکستان کی اقتصادی استحکام سے گھبراتے ہیں اس لئے سی پیک منصوبوں کو تحفظ فراہم کرنے لئے سیکیورٹی اداروں کی استعداد مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آنے والے چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں ان پر حملہ ریاست پر حملے کے مترادف ہے، ہم ملک میں آنے والے چینی باشندوں کی پیشگی معلومات صوبوں کو آن لائن فراہم کرنے کے لئے ٹاسک فورس قائم کررہے ہیں، سمندری تجاری گزرگاہوں کی سیکیورٹی پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک منصوبوں کے لئے ناگزیر ہے میری ٹائم سیکیورٹی اور تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کوسٹ گارڈز کے محکمے کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔