حیدرآباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری جنگ کسی شخصیت کے نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ہے جب کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے۔
تحریک انصاف آج حیدرآباد میں پاور شو کررہی ہے جس کے لیے چیرمین عمران خان حیدرآباد پہنچے اس موقع پر وائس چیرمین شاہ محمود قریشی، پارٹی کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
حیدرآباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ کسی شخصیت کے نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ہےاور ہماری جنگ انصاف کی ہے، جو چوری سندھ کے لوگوں سے ہو رہی ہے شاید کہیں اور نہیں ہو رہی، عوام کے تعلیم اورعلاج پر لگنے والا پیسہ ملک سے چوری ہو کر لانچوں کے ذریعے دبئی چلاجاتا ہے جہاں عوام کے پیسوں سے محلات بنائے جارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف عوام کو بیدار کررہے ہیں،سندھ کے عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جب کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے۔