|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

کو ئٹہ:  ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر اور ممبر ارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 4میڈیکل سٹورز مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں

غیر معیاری ادویات سازی اور اس کے خرید فروخت کے مقدمات میں نامزد ادویہ ساز کمپنی سمیت 4میڈیکل سٹور و ایجنسی مالکان کو اشتہاری قراردینے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔

گزشتہ روز غیر معیاری ادویات سازی اورزائد المعیادادویات کی خرید فروخت میں نامزد ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف قائم کیسز کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر حنظلہ میڈیکل سٹور کے مالک سمیع اللہ ،لاثانی ٹریڈرز کے عابد خان ،کائنات میڈیکل سٹور کے محمد یعقوب اور الہام میڈیکل سٹور کے حکمت اللہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت کے جج نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ۔

پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے اس کے علاوہ عدالت نے میسن نیٹرو پیتھک لیبارٹریز کے محمد انور ،زینٹ میڈیسن ایجنسی کوئٹہ کے احسان اللہ ،رضوان میڈیکل سٹور کلی کتیر کچلاک کے کلیم اللہ اور آریانہ میڈیکل سٹور کلی سپین کچلاک کے ولی خان کو اشتہاری قراردینے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔