|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

 واشنگٹن: امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل کیون ڈونیگن نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مسلسل حوثی باغیوں کو تباہ کن ہتھیار فراہم کررہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ کے سینئر افسر وائس ایڈمرل ڈونیگن نے وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹاگون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران عالمی پابندیوں کے باوجود یمن کے شدت پسند حوثی باغیوں کو عرصہ دراز سے جدید ترین جنگی ہتھیار، بیلسٹک میزائل، ریمورٹ کنٹرول لانچنگ پیڈ اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے والے ہتھیار وں کی فراہمی سمیت بارودی سرنگوں، بارودی کشتیوں اور بحری جہاز شکن میزایل سمیت عالمی سطح پر ممنوعہ ہتھیار باغیوں کو اسمگل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کو جنگی ساز وسامان کی فراہمی انسداد دہشتگردی کے لیے عالمی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے جب کہ شدت پسندوں کو ملنے والے ہتھیاروں سے خوفناک نتائج سامنے آئیں گے۔

واضح رہےاس قبل سعودی عرب بھی  ایران پر حوثی باغیوں کی پشت پناہی اور ہتھیاروں کی سپلائی کے متعدد بار الزامات عائد کرچکا ہے جب کہ ایران نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔