|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2017

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر) فرخ عتیق نے کہا ہے کہ محرم کے دوران انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں جلوس کے روٹ پر عاشورہ کے جلوس تک تعمیراتی کام اور ملبہ جمع کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔

ہسپتالوں میں ایمر جنسی کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی اور ایمر جنسی کنٹرول روم ڈی سی آفس میں قائم کر دیا گیا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین ساز وسامان سمیت موجود ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین کونسل کوئٹہ ملک نعیم خان بازئی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو یاسر بازئی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نصیب اللہ کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر صدرمنیر احمد موسیانی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بتول اسدی ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا، ہزارہ قومی جرگہ کے قیوم نذر چنگیزی، کمانڈنٹ غزہ بندکرنل رب نواز اور فرنٹیئر کور کے کرنل عامر ، ایس پی سٹی ٹریفک پولیس محمد جاوید خان،انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا، سید امر الدین آغا، ٹکری حمید بنگلزئی، کیسکو ، سوئی سدرن گیس، چیف میٹرو پولٹین کارپوریشن محمد اکرم ناصر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

ڈی سی کوئٹہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ تمام اداروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈر کیساتھ مل کر حالات کی بہتری اور مسائل کے حل کو یقینی بنا نے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ایک ایمر جنسی کنٹرول روم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سر براہی میں قائم کیا ہے جس میں تمام محکموں کے فوکل پرسن کی موجودگی کے علاوہ دیگر ساز وسامان، گاڑیاں موجود ہو گی اور تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی وارڈ، ادویات کی فراہمی اور ایمبولینسز کی موجودگی کو یقینی بنا کر انہیں خصوصی اسٹیکر جاری کئے جائیں گے ۔

پولیس اہلکار بھی گاڑیوں کے ہمراہ ہونگے ایمبولینسز سرکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی اداروں کی ایمبولینسز اور متعلقہ عملے کا پولیس اور انتظامیہ سے مکمل رابطہ ہو گا اس کے علاوہ امام با رگا ہوں، مجالس ، تکیہ خانوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی جلوس کی روٹ کی سوئپنگ ، اسپیشل برانچ، سول ڈیفنس کے ذریعے کرائی اور ان کا عملہ جلوس کے ہمرا ہو گا جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ساتویں ، نویں اور دسویں محرم کے اختتام پر علاقے میں مکمل طور پر صفائی کو یقینی بنایا جائیگا ۔