|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2017

نیویارک: بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے گذشتہ چار سالوں میں پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا مقصد بھی جلد ہی پورا ہوجائے گا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے اپنے ایک ہوٹل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پولیو سمیت دیگر شعبوں میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔

جبکہ بل گیٹس نے بھی حکومت پاکستان کی ملک سے پولیو کے خاتمے کے مقصد کے لیے مسلسل جاری رہنے والی کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر بل گیٹس نے پاکستانی عوام کو مائیکروسافٹ کی مالی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ عوام پیسوں کی لین دین اور آن لائن سروسز میں ان کا استعمال کرسکیں۔

ملاقات میں انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے پولیو ورکرز کے عزم اور محنت کو بھی سراہا۔

مائیکروسافٹ کے بانی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم ذاتی طور پر تمام کوششوں کو ان کے اختتام تک پہنچانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔