کوئٹہ+اندرون بلوچستان : کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت سوئٹزر لینڈ حکومت کی اس اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کریں چمن میں مسلم لیگ(ق) کی جانب سے دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دیا دکی میں طلباء کا احتجاج ومظاہرہ ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سوئٹزر لینڈ میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختیار ریاست ہے اور کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے سرزمین پر پاکستان مخالف اشتہاری مہم چلائے جو لوگ اشتہاری مہم چلا رہے ہیں وہ بلوچستان کے ہزاروں افراد کے قاتل ہے اور ان کے وجہ سے آج بلوچستان میں بد امنی چل رہی ہے ۔
حکومت کو چا ہئے کہ وہ ان تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے خلاف بھر پور کا رروائی کریں اور انٹر پول کے ذریعے ان لوگوں کو لا کر پاکستان میں ان کے خلاف عدالتوں سے سزا دلوائیں کیونکہ یہ کسی بھی قوم کے حقوق کی جنگ نہیں لڑ رہے ہیں بلکہ اپنے مفادات کو ترجیح دینے پر تلے ہوئے ہیں جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے ان لو گوں نے بلوچستان میں آزادی کے نا م پر ہزاروں بے گناہ لو گوں کا قتل عام کیا گیا یہ اگر بلوچستان کے حقوق کے لئے لڑتے تو یہ آج یہاں ہو تے مگرافسوس کہ یہ لوگ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے اس طرح اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔
چمن میں مسلم لیگ(ق) کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے سناتن چوک پر دھرنا دے کر ہر قسم کی ٹریفک کو معطل کر دیا اور کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے اور سوئٹزر لینڈ میں جو اشتہاری مہم چلایا جا رہا ہے ۔
سوئٹزر لینڈ حکومت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کریں اس کے علاوہ نوشکی ، ڈیرہ بگٹی ، چاغی ، ژوب، ہرنائی ، دکی ، لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پاکستان مخالف اشتہاری مہم کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ان مظاہروں میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور مطالبہ کیا کہ سوئٹزر لینڈ حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے۔
سوئزرلینڈ میں پاکستان مخالف تشہیر مہم کے خلاف سبی میں مختلف سکولوں کی جانب سے طلباء نے احتجاجی ریلی نکالی ،احتجاجی ریلی کی قیادت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سبی محمد اویس انوار نے کی،احتجاجی ریلی جی پی او چوک سے نکالی گئی جو مختلف شاہراوں سے ہوتا ہوا سبی پریس کلب پہنچا جہاں پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
مظاہرین نے سوئس حکومت ، امریکہ اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے چےئرمین ضلع کونسل سبی ملک قائم الدین دہپال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرچوہدری محمد اویس انوار،وائس چےئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد حیات رند اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پاکستان کے خلاف مہم بھارت اور ملک دشمنوں کی گہر ی سازش ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے بہا قربانیاں دی ہیں اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف اب بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
جینوا میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم کیخلاف مچھ بازار مکمل بند آل پارٹیز سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ امریکہ اور بھارت مکمل کر پاکستان کیخلاف سازششیں کررہے ہیں
جینوا میں اشتہاری مہم کے پیچھے امریکہ اور بھارت کا ہاتھ ہے شام عراق کشمیر فلسطین برما میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی خاموشی تعجب تعجب خیز ہے احتجاجی مظاہرین سے شرکاء کا خطاب ۔
تفصیلات کیمطابق گزشتہ دنوں سوئس کے جینوا میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم کیخلاف مچھ میں آل پارٹیز کے اپیل پر مچھ بازار مکمل بند رہی اور آل پارٹیز کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی اللہ والا چوک مچھ سے جمعیت کچھی کے امیر حاجی منگے خان راہیجہ کی قیادت میں مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مین بازار مچھ پہنچا جہاں ایک بڑی جلسے کی شکل اختیار کرگئی ۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر امریکہ اور بھارت مردہ باد اور جنیوا میں اشتہاری مہم کیخلاف مختلف نعرے درج تھے،
پنجگور کے شہری حاجی سرفراز کامران اسماعیل بجار شمبے زئی کی قیادت میں سویڈزرلینڈ امریکہ اور انڈیا کے خلاف آزاد بلوچستان کے نام پر اشتہارات کے خلاف ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں اور عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکے کی ریلی پولیس تھانے کے گیٹ سے ہوتا ہوا بسم اللہ چوک پر ایک احتجاجی مظاہرے کا شکل اختیار کرگیا.
ریلی.کے شرکا اپنے ہاتھوں میں پاکستان کی حمایت اور سویٹزرلینڈ، امریکہ اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے،سوئزرلینڈ میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے خلاف احتجاجی ریلی قبائلی وسیاسی رہنماء چیف آف رخشان پرنس عبدالقادر بلوچ کے قیادت میں نکالی گئی۔
ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی ،پریس کلب کے سامنے مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی ،
ریلی میں ہندو برادری اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کیااحتجاجی ریلی میں شریک مظاہرین نے بھارتی ،امریکی اور سوئس وزیر اعظم اور براہمداغ بگٹی،حیربیارمری،نائلہ قادری اور بانک کریمہ بلوچ کے پتلے اور سوئس مخالف بینرز نذرآتش کردئیے۔
مظاہرین نے بھارتی اور امریکی گٹھ جوڑ کے خلاف بھی شدید نعرے بھی کی گئی، سوئزرلینڈ میں پاکستان کے خلاف تشہیری مہم چلانے کے خلاف سول سوسائٹی سیاسی رہنماؤں اور قبائیلی عمائیدین کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیاگیا،
سوئیز لینڈ میں پاکستان مخالف پوسٹر لگانے کے خلاف چاغی کے صدر مقام دالبندین میں شہریوں ،سول سوسائٹی،اور طلباء کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب اللہ موسی خیل ودیگر کررہے تھے ریلی دالبندین شہر کے مختلف شاہراوٗں پر گشت کرتے ہوئے سوئیز لینڈ میں پاکستان مخالف پوسٹر لگانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے ، حب میں شہریوں کی جانب سے سوئزرلینڈ اور انڈیا کے خلاف شہر میں ریلی نکالی گئی جنیوا مہم کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ریلی لاسی روڈ سے نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے موندرہ چوک پر مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر انڈیا اور سوئزرلینڈ کے خلاف نعرے درج تھے ۔
مظاہرین نے بھارت مخالف نعرے بازی کی اوربھارتی پرچم نظر آتش کیا مظاہرین سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور سوئزلینڈ پر سخت تنقید کی کہا کہ بلوچستان کی عوام پاکستان کے بغیر کچھ نہیں ہے اور بلوچستان پاکستان کا شہ رگ ہے چند عناصر جنہیں بلوچ قوم نے مسترد کیا وہ بیرونی ممالک میں بیٹھ کے انڈیا کے کٹھ پتلی بن بیٹھے ہیں ۔
ان غداروں کی ملک دشمن کی شدید مذمت کرتے ہیں پاکستان کے دشمن کو بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے،
ڈھاڈر میں پاکستان کی حمایت اور امریکہ،انڈیا ،سوئس حکام کے خلاف ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چئیرمین میونسپل کمیٹی ڈھاڈر سید محمد علی شاہ نے کی ریلی میں پی ٹی آئی،سول سوسائٹی،جی ٹی اے کچھی ،مختلف سکولوں کے بچے بچیاں،میل فیمیل اساتذہ کرام،ضلعی تعلیمی آفیسران ،ٹریڈ یونین ،تاجر برادری،ہندو پنچائیت،مسیحی برادری،سماجی حلقوں اور دیگر مکتبہ فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔
قبل ازیں شہر میں مکمل شٹر ڈاؤں ہڑتال کی گئی ریلی شاہی چوک سے نکالی گئی جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے اور امریکہ انڈیا سوئس حکام کے خلاف فلگ شگاف نعرے لگاتے ہوئے بائی پاس پہنچے اور قومی شاہراہ پر ٹائرجلاکر سخت نعرے بازی اور مظاہرہ کیا ،چیئرمین میونسپل کمیٹی بھاگ رئیس اللہ ڈتہ ہانبھی کی قیادت میں انڈیا،امریکہ،اسرائیل،سوئزرلینڈمردہ باد ریلی نکالی گئی ۔
ریلی گورنمنٹ ہائی سکول بھاگ سے نکالی گئی ریلی میں شریک عوام انڈیا،امریکہ،اسرائیل،سوئزرلینڈکیخلاف سخت نعرہ بازی کی ان ممالک میں بیٹھے ملک دشمن پاکستان دشمنوں کیخلاف بھی سخت نعرہ بازی کی گئی ریلی کے شرکاء نے ا نڈیا ،امر یکہ،اسر ائیل،سوئزرلینڈ،ٹرمپ،مودی،براہمدغ بگٹی ،حقانی،نائلہ قادری کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ان کیخلاف نعرے درج تھے ریلی مختلف راستوں سے ہوتا ہوا بھاگ شہر کے مین چوک پر جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی۔
بلوچستان بھر کی طرح ڈیرہ بگٹی میں بھی سوئیزر لینڈ میں پاکستان مخالف سرگرمیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا
مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی مظاہرین نے براہمداغ بگٹی حسین حقانی بھارت اور سوئس حکومتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر براہمداغ بگٹی کے کزن نوابزادہ گہرام بگٹی ڈسٹرکٹ چیرمین میر غلام نبی بگٹی قبائلی رہنما میر لیاقت بگٹی نے بھی شرکت کی ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیرمین میر غلام نبی نے کہا کہ سوئس حکومت پاکستان مخالف عناصر کو سپورٹ کرنا بند کرے ورنہ بلوچ قوم انکے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار ہیں،
اہلیان کوہلو کے زیر اہتمام سوئز رلینڈ ‘انڈیا ‘امریکا ‘برما حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی ‘ریلی بینک چوک سے بر آمد ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک میں جلسے کی شکل اختیار کرگئی ریلی میں قبائلی رہنماؤں ’سیول سوسائٹی ‘طلباء ‘شہریوں و سیاسی رہنماؤں نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی ۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد ‘پاک فوج پائندہ باد ‘‘امریکا کی غلامی نامنظور ‘انڈیا مردہ باد ‘امریکا مردہ باد ‘بی ایل اے مردہ باد کے نعرے درج تھے اور مظاہرین نے امریکا و اسرائیل کی اسلام دشمنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
سوئزلینڈمیں بلوچستان مخالف اشتہاری پوسٹرمہم کے خلاف ڈیرہ مرادجمالی میں بگٹی قبائل کی جانب سے احتجاجی ریلی انڈیا سمیت دیگر دشمن قوتوں کے خلاف شدید نعرے بازی بلوچستان مخالف اشتہاری پوسٹر مہم کے خلاف احتجاجی ریلی قبائلی رہنماء ڈاکٹر الحاج محمد اسحاق بگٹی کی قیادت میں بگٹی ہاؤس سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اورپوسٹرز اٹھارکھے تھے جس پر براہمداغ بگٹی، سوئزلینڈ امریکہ اورانڈیا کے خلاف نعرے درج تھے احتجاجی ریلی میں مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ان لوگوں کو بلوچوں کی ترقی ہضم نہیں ہورہا ہے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ عابد رحیم سہرابی ،سیاسی سماجی و قبائلی رہنما غفور ہوت ،انور بلوچ اور دیگر نے سویزرلینڈ میں پاکستان کے خلاف سازشوں میں سرگرمیا ں تیز کرنے اور پوسٹرز لگانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن اور بلوچ دشمن سویزرلینڈ میں بیٹھکر سی پیک کے خلاف زھر آلود سرگرمیاں کررہے ہیں ۔جس کی پاکستانی اور بلوچ قوم کبھی اجازت نہیں دیگا ۔انہوں نے کہا کہ ہم پُرامن لوگ ہیں ۔
اور پاکستان کے فریم ورک میں رہتے ہوتے اپنا حقوق جمہوری اصولوں کے مطابق حاصل کرنا چاہتے ہیں مقررین نے کہا کہ بندوق کے نوک پر کہیں بھی خوشحالی نہیں آتی ۔
انہوں نے براھمندگ بگٹی اور دیگر کو مخاطب کر تے ہوئے کہاکہ بلوچستان پاکستان ہے پاکستان کے علاوہ بلوچستان کا وجود ممکن نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سویز رلینڈ ،انڈیا اور امریکہ کی پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔مظاہرین نے نرریندرمودی کے پتلا اور براھمندگ بگٹی ،نائلہ قادری کے تصاویر نزر آتش کر دیئے ۔
سوئیزر لینڈ میں بلوچستان مخالف مہم کیخلاف سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی نیشنل پریس کلب پشین کے سامنے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرگئی احتجاجی ریلی میں سیاسی رہنماؤں سول سوسائٹی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد،پاک فوج پائندہ باد کے نعرے درج تھے ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشتگردی اوربربریت کا سرغنہ امریکاہے امریکا انڈیا اور اسرائیل دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف مختلف محاذوں پر سرگرم ہیں پاکستان سے باہر بیٹھ کر کچھ لوگ چند ڈالروں کی خاطر پاکستان کیخلاف بول رہے ہیں ان بولنے والوں کی انڈیافنڈنگ کررہا ہے ،چمن مسلم لیگ ق اوراہلسنت والجماعت کی جانب سے سوئزر لینڈ میں پاکستان خصوصاً بلوچستان کے مخالف پروپیگنڈا کرنے پر مذمتی ریلی نکالی گئی ۔
تفصیلات کی مطابق ریلی چمن بغرہ روڈ سے نکالی گئی مظاہرین سے بھارت کے سازش کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے روہنگیاں میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اب تو ایک ہونا چاہئے ورنہ تو دنیا میں مسلمان اسی طرح کٹتے رہیں گے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے جس میں روہنگیاں مظلموں اور بھارت کو پاکستان اور بلوچستان کے خلاف بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔