|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2017

خضدار: سوئزر لینڈ میں پاکستان مخالف سرگرمیوں کے خلاف خضدار میں سول سوسائٹی سیاسی و سماجی تنظیموں تاجر برادری اور ہند و پنچائت کی جانب سے مظاہرہ و ریلی مشتعل مظاہرین نے سوئس حکومت کا قومی پرچم بھی نذر آتش کیا ریلی کے شرکا چمروک کے مقام سے نکل کرقومی شاہراہ سے ہوتے ہوئے خضدار پریس کلب پہنچے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت اور سوئزر لینڈ حکومتوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔

جہاں پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر خالد محمود ایڈوکیٹ،جمعیت علما اسلام کے ضلعی راہنما بشیر احمد عثمانی، مسلم لیگ ن کے جاوید سوز، قبائلی رہنما میر فیاض احمد زنگیجو،مزدور رہنما عبدالحمید قمبرانی،انجمن تاجران کے رہنما تاج محمد پندرانی، خلیل احمد چنال سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئس سر زمین پر پاکستان مخالف سازشیں ناقابل بر داشت اور قابل مذمت ہیں یہ عمل بین الاقوامی قوانین کے خلاف اور سنگین جرم ہے کہ آپ کسی ملک کی اندرونی معاملات میں مداخلت کریں پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور اپنی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیگی ۔

پاکستانی عوام با لخصوص بلوچستان کے عوام نے ہر مشکل کی گھڑی میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور آج بھی ہم ان سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیئے یکجا ہیں اور پاکستانی فوج کے ساتھ ہیں مظاہرین نے کہا کہ پاکستانی حکومت سوئس حکومت کے سفیر کو طلب کرکے دو ٹوک الفاظ میں کہا جائے کہ وہ بلوچ قوم کے قاتلوں کو پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے روکے ان نام نہاد لیڈروں کو بلوچ قوم نے مسترد کردیا ہے ۔

بلوچستان کے عوام ان سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں ہم ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں کچھ لوگ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن بلوچ قوم ان سازشوں کی سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں ہم ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں