نیودلی:بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں اور اس حوالے سے امریکا کوبھی شدید تحفظات ہیں۔
معروف بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مابین گہرے تعلقات ہیں جس پر امریکا نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی اور ٹی ٹی پی کے تعلقات کم کرنے کے لئے بھارت پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ٹی ٹی پی اور ’را‘ کے تعلقات کا انکشاف پہلی بار طالبان کمانڈر احسان اللہ احسان کی گرفتاری کے بعد ہوا اور امریکا نے بھی اس معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرلیا ہے اور کہا ہے کہ افغانستان کے قیام امن میں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کل سے دورہ بھارت کا آغاز کریں گے جس میں وہ بھارتی عسکری و سیاسی قیادت سے ٹی ٹی پی اور ’را‘ کے معاملے پر گفتگو کریں گے اور پیغام دیں گے کہ بھارتی ایجنسی را اور ٹی ٹی پی کے مابین تعلقات کو کم کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو یہ خود بھارت کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔