|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2017

کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) بلوچستان ڈاکٹرعمربابر نے کہاہے کہ بلوچستان میں خشک سالی ،سیلاب اورقدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرقبل ازوقت عملی اقدامات ناگزیرہیں ۔

صوبے میں زیرزمین پانی کی گرتی شرح تشویشناک حدتک سنگین صورتحال اختیارکررہی ہے جس کا فوری تدارک ضروری ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیرکو اسلامک ریلیف پاکستان اورپی ڈی ایم اے بلوچستان کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ خشک سالی سے نمٹنے کے ہنگامی پلان 2017-18 سے متعلق تشکیل کردہ حتمی ڈرافٹ پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈر ز کی مشاورت کے مقاصد کیلئے منعقدکی گئی تھی ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہاکہ کوئٹہ ، خضدار ، نوشکی ،اورگوادر میں آبی قلت کے باعث خشک سالی کے شدید خطرات موجودہیں مکران بیلٹ میں 7 ڈیمز موجودہیں تاہم بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ان میں پانی نہیں ہے پاکستان کے اہم عالمی کاروباری مرکز گوادر کو ٹینکوں کے ذریعے تربت سے پانی فراہم کیاجارہاہے جس میں شش ماہی 45 کروڑ روپے لاگت آرہی ہے جوکہ حکومتی اخراجات پرایک بڑا مالی بوجھ ہے جو مستقل طورپر حکومت برداشت نہیں کرسکتی ۔

انہوں نے کہاکہ مکران کے ساحلی علاقوں گوادر ،پسنی ،جیونی ،اورماڑا ودیگرعلاقوں میں پانی کی قلت پر قابو پانے کا واحد حل سمندری پانی کو بنانے کے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی درالحکومت سمیت بلوچستان کے دیگرعلاقوں میں آبی قلت پر قابو پانے کیلئے وسیع المدتی اورمختصر المدتی منصوبوں پرکام جاری ہے جنکی تکمیل سے آبی قلت کے مسائل سے متعلق مستقبل کے چنلجز سے نمٹنے میں مددملے گی ۔؂

ورکشا پ سے این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ریکوری وبحالی محمد ظفراقبال ،ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان محمد طارق ، یونیورسٹی آف بلوچستان شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سید عین الدین ، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی پروفیسر نیلوفر ،ایرڈزون بلوچستان کے ڈاکٹر حنان برو ،جیولو جیکل سروئے آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض راجپر ،پی آرسی ایس کے ڈائریکٹر عمران ،پی ڈی ایم اے کی ثناء ارزک اسلامک ریلیف پاکستان کی سمیاح رشیداور ڈاکٹر نورمینگل نے بھی خطاب کیا۔ورکشاپ کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز کی تقسیم کی گئیں۔