|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابقہ سینیٹر واقوام متحدہ میں آئینی امور کے مشیر واجہ ثناء بلوچ کوئٹہ پہنچ گئے ۔

این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ مستقل طورپر بلوچستان منتقل ہوگئے ہیں اور بلوچستان کے سیاسی وبالخصوص پارٹی کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرینگے ۔

واضح رہے کہ ثناء بلوچ اقوام متحدہ میں مغربی افریقہ ممالک میں آئین کی تدوین وترتیب کی اہم ذمہ داری انجام دیتے رہے ہیں انہوں نے حال ہی میں سیریالیون کی آئین سازمیں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔

ثناء بلوچ نے کہاکہ اقوام متحدہ نے انہیں یمن اور شام میں سیاسی وآئینی معاملات کیلئے خصوصی مشیر مقرر کرنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے معذرت کی اور کہاکہ بلوچستان کے سیاسی حالات ،بدترین طرز حکمرانی اور عوام کی تکلیف ومشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی آوازبنے اور انکی خدمت کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی او ربلوچستان میں ہم خیال جماعتوں وقوتوں کیساتھ ملکر انتخاب لڑنے اور حکومت سازی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ اس سے قبل غیر منصفانہ انتخابات اور دھاندلی کے نتیجے میں قائم حکومتوں نے بلوچستان کی دولت کرپشن اور اقرباء پروری کی نظر کی جسکی وجہ سے آج بلوچستان میں 86فیصد لوگ غربت 75فیصد نوجوان بے روزگار اور 25لاکھ بچے سکول واساتذہ سے محروم ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کا مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ ناکام طر ز حکمرانی ہے جب حکمران انصاف ،اصول اور عوامی فلاح وبہبود کے فلسفے سے ناواقف تو نتیجہ محرومی اور بالا آخر تشدد پر منتج ہوتا ہے ۔