|

وقتِ اشاعت :   September 29 – 2017

 اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کی مہنگی فیسز کا نوٹس لیتے ہوئے امیدواروں کو ریلیف دینے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے طالب علم کی درخواست پر سرکاری و نجی اداروں میں ملازمت کا امتحان لینے والی کمپنی این ٹی ایس کی مہنگی فیسوں کا نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس نے تمام وزارتوں اور اداروں کو پچاس فیصد امتحانی فیس خود ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

درخواست گزار طالب علم نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو ہر ملازمت کے لیئے درخواست دینے کرنے کے لیئے بھاری فیسیں ادا کرنا پڑتی ہیں اور این ٹی ایس کمائی کا بہانہ بن گئی ہے۔

بھاری فیسوں کی وجہ سے بہت سے تعلیم یافتہ نوجوان اپلائی کرنے نہیں کرپاتے اور اہلیت کے باوجود پیچھے رہ جاتے ہیں۔

چیف جسٹس نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو دو ماہ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ادارے ملازمت کے لیئے آنے والوں کو ریلیف دیں۔